ڈانڈیلی، 31 ؍ مئی (ایس او نیوز) گرمی کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد اسکول میں حاضری کے لئے دوردراز گاوں سے پہنچنے والے طلبہ اور ان کے والدین کو بھوکے پیاسے رہ کر مرارجی دیسائی اقامتی اسکول کے باہر گھنٹوں انتظار کرنا پڑا ۔
بتایا جاتا ہے کہ امبے واڈی میں واقع مرارجی دیسائی اقامتی اسکول میں پڑھنے والے رام درگ کے 6 طلبہ اور ہاویری کا ایک طالب علم اپنے والدین کے ساتھ جب اسکول پہنچے تو وہاں کے ایک ٹیچر نے انہیں بتایا کہ اسکول پرنسپال کسی میٹنگ میں شرکت کے لئے گئے ہوئے ہیں اس لئے جب تک وہ نہیں لوٹتے ، طلبہ کو اندر داخل ہونے کے بجائے اسکول کے باہر صحن میں انتظار کرنا پڑے گا ۔
گھنٹوں بھوکے پیاسے پرنسپال کا انتظار کرنے والے طلبہ اور والدین کا کہنا ہے کہ صبح صبح دوردراز گاوں سے نکل کر وہ لوگ دوپہر 12 کے قریب اسکول احاطہ میں پہنچے تھے ۔ یہاں پرنسپال موجود نہ رہنے کی وجہ بتا کر انہیں اندر داخل ہونے نہیں دیا گیا ۔ پرنسپال کو فون لگانے کی کوشش بھی ناکام ہوئی کیونکہ انہوں نے فون بھی ریسیو نہیں کیا ۔ اس طرح انہیں خواہ مخواہ ہراسانی کا شکار ہونا پڑا ۔